تصویر میں موجود عبایا پہنے ہوئے یہ کوئی عام عورت نہیں بلکہ پاکستان کی مایہ ناز سنگر شازیہ خشک ہیں۔

وہی شازیہ خشک، جن کی آواز پر کبھی صرف پورا پاکستان نہیں جھومتا تھا بلکہ انڈیا تک میں ان کی مانگ تھی۔ راجستھان کے صحراؤں والے کہتے تھے، کاش یہ گلوکارہ ہمیں مل جائے۔

لیکن آج وہی شازیہ خشک رائل ڈیفنس مال میں لگے تین روزہ فیسٹیول میں ایک چھوٹے سے اسٹال پر بیٹھی ہوئی ہیں۔ ہاتھ میں سیرم ہے، سامنے کریمیں ہیں، فیس واش ہے، جیولری ہے، اور ہاتھ سے بنے ہوئے کپڑے ہیں۔

سر پر حجاب ہے، چہرے پر عبایا ہے، اور زبان پر اللہ کا نام ہے۔

لوگ حیران ہیں، یہ وہی شازیہ خشک ہیں؟ جو کبھی اسٹیج کی ملکہ تھی، وہ آج یہ چھوٹا سا کاروبار کیوں کر رہی ہیں؟ کیا مجبوری آ گئی؟ کیا دنیا نے انہیں ٹھکرا دیا؟

نہیں۔

شازیہ خشک کہتی ہیں، مجھے دنیا نے نہیں، میں نے دنیا کو چھوڑا ہے۔

کہانی شروع ہوتی ہے 2016 سے۔ اس وقت ان کے ساتھ جنید جمشید تھے۔ پوری دنیا کا سفر ایک ساتھ کیا۔ لندن میں ایک دن شازیہ نے کہا، جنید بھائی، میں بھی گانا چھوڑنا چاہتی ہوں۔ جنید نے لمبی داڑھی کے ساتھ مسکرا کر کہا، بہن، ابھی تمہارا وقت نہیں آیا۔ جب اوپر سے بلاوا آ جائے گا، تب ہی یہ ہوگا۔

شازیہ کو اس وقت یہ بات سمجھ نہیں آئی۔

پھر 2016 میں ہی فارن آفس کے باہر آخری ملاقات ہوئی۔ جنید اندر جا رہے تھے، شازیہ باہر نکل رہی تھیں۔ نظریں نیچی کیے جنید نے کہا، کیسی ہو میری بہن، ٹھیک ہو؟

چار دن بعد شازیہ کا عمرے کا ویزا لگ گیا، وہ عمرے پر چلی گئیں۔ اور دس تاریخ کو خبر آئی، جنید جمشید شہید ہو گئے۔

بس وہیں سے اندر کی آگ بھڑک اٹھی۔ شازیہ کہتی ہیں، میں اس زندگی سے بیزار ہو گئی تھی۔ سکون ہی نہیں تھا۔ لوگ کہتے ہیں میوزک روح کی غذا ہے، ارے کون سی روح کی غذا ہے؟

اسٹیج پر کھڑی ہوتی تھیں تو پیچھے کیا بج رہا ہے، سمجھ ہی نہیں آتا تھا۔ اندر ایک جنگ چل رہی تھی۔ مسقط کا شو تھا، ڈاکٹروں کا پروگرام تھا، برونائی کے بادشاہ کے گھر شادی تھی، دنیا بھر کے سنگرز بلائے گئے تھے، ایمبیسیڈر نے کہا آپ کو آنا ہے۔ لیکن ان دس دنوں میں دل ایسا اچاٹ ہوا کہ سب کچھ چھوڑ دیا۔

2018 میں انہوں نے فیصلہ کر لیا، بس، اب بس۔

گھر سے صرف قرآن اٹھایا۔ جڑواں بچے ملک سے باہر تھے، گھر میں کوئی نہیں تھا۔ اکیلی نکل پڑیں اور اللہ سے کہا، اللہ کبھی اکیلا نہیں چھوڑتا۔ اے اللہ، مجھے کبھی اکیلا مت چھوڑنا، تو ہی میرا خیر الوارثین ہے۔

اور اللہ نے ہاتھ پکڑ لیا۔

پھر حج کیا، پھر دوست زینب کے ساتھ پارٹنرشپ میں کاروبار شروع کیا۔ آٹھ سال ہو گئے، ٹی وی نہیں دیکھا۔

آج وہ کہتی ہیں، مجھے تجارت کا حوصلہ حضرت خدیجہ الکبریٰ رضی اللہ عنہا سے ملا۔ وہ بہت بڑی تاجر تھیں، انہوں نے سب کچھ اپنے شوہر کے حوالے کر دیا، اور اللہ نے ان کی تجارت کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔

اسی لیے آج شازیہ خشک اپنے پروڈکٹس خود بیچ رہی ہیں۔

اور آخر میں انہوں نے صرف ایک بات کہی، تجھے بھی مرنا ہے، مجھے بھی مرنا ہے۔ جب اللہ کے پاس جائیں تو اللہ مسکرا کر دیکھے۔ میری یہی خواہش ہے، اللہ مجھے اپنے راستے کی شہادت دے دے۔

وہ شازیہ خشک جو کبھی 45 ملک گھوم چکی ہیں، چھ براعظم دیکھ چکی ہیں، آج ایک چھوٹے سے اسٹال پر کھڑی ہو کر رزقِ حلال کما رہی ہیں۔

کیونکہ ان کے لیے اب اصل شہرت اسٹیج نہیں، اللہ کی رضا ہے۔۔۔